بانی پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل دائر ، عدت نکاح کیس میں خاورمانیکا کی اپیل پر سماعت
توشہ خانہ ٹو بریت پر سماعت آج ، بانی پی ٹی آئی سے گنڈاپور کی ڈیڑ ھ گھنٹہ تک ملاقات
راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) حملہ کیس میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی درخواست بریت خارج کردی۔انسداد دہشتگردی کی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے درخواست پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی نے آرٹیکل 265 کے تحت بریت کی درخواست دائر کی تھی۔اس پر پبلک پراسیکیوٹر ظہیرشاہ نے مو قف اپنایاکہ ملزم کیخلاف استغاثہ کے پاس کافی شواہد موجود ہیں اور جی ایچ کیوحملہ کیس میں ٹرائل جاری ہے۔ٹرائل کے دوران بریت کی درخواست نہیں بنتی۔9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائدکردی گئی۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست بریت خارج کردی۔اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت راولپنڈی نے دو پی ٹی آئی رہنماؤں اجمل صابر اورسہیل عرفان عباسی کی درخواست بریت خارج کی تھی۔بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پائونڈز ریفرنس میں سزا کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کردی گئیں،خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں الگ الگ اپیلیں دائر کیں،جن میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا،نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی، استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ادھراسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے،ذاتی معالج سے معائنہ اور جیل سہولیات سے متعلق درخواست میں سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، چیف جسٹس نے ریمارکس دییہر بار فون کال کیلئے درخواست تو نہیں دیناہوگی،جیل حکام نے بتایاوٹس ایپ کال رولز میں نہیں لیکن عدالتی حکم پر کروائی گئی،چیف جسٹس نے کہاکہ دوران سماعت ملاقات ، ملاقات نہیں۔ اگر ایسا ہی جواب دیناتھا تو میں سپرنٹنڈنٹ کو بلا لیتا ہوں،عدالت نے تفصیلی جواب کے ساتھ سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ سپرنٹنڈ نٹ جیل23 جنوری کاعدالتی آرڈر پڑھ کر آئیں،کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں بریت کیخلاف خاور مانیکا کی اپیل نئے بینچ کی تشکیل کیلئے واپس چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ عدالت نے ریمارکس دییہم نے ایک آرڈر کے خلاف نظر ثانی درخواست سنی تھی ہم نیا بینچ تشکیل دینے کے لیے چیف جسٹس کو بھیج دیتے ہیں۔بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو میں بریت درخواست پر سماعت آج ہوگی۔پی ٹی آئی نے تمام پارلیمنٹیرینز کو آج جج راجہ انعام منہاس کی عدالت آنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات کی۔ مذاکرات میں احتجاج اور دیگر امور زیر بحث لائے گئے۔ملاقات اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں کروائی گئی،ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ترقیاتی منصوبوں سمیت پارٹی امور اور سیاسی معاملات پر گفتگو کی گئی۔ 8فروری کو پشاور میں جلسہ کے حوالے سے بھی مختلف امور پر بات چیت ہوئی ۔ عمران خان سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پارٹی صدارت سے ہٹائے جانے کے بعدگنڈا پور نے پہلی ملاقات کی۔علاوہ ازیں تحریک انصاف نے بانی کی ہدایت پر بین الاقوامی رابطہ کاری کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔تشکیل کردہ کمیٹی میں سلمان اکرم راجا، ولید اقبال، سجاد برکی، خدیجہ شاہ اور علی اصغر خان شامل ہیں۔