اتر پردیش میں جین نروان میلے کے دوران اسٹیج گرنے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور خواتین و بچوں سمیت 40 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تقریب کے دوران عارضی طور پر بنایا گیا اسٹیج جو بانس اور لکڑی سے تعمیر کیا گیا تھا، زیادہ وزن کی وجہ سے گر گیا۔یہ واقعہ اس وقت ہوا جب سیکڑوں عقیدت مند جین مذہبی رہنماؤں کی موجودگی میں بھگوان آدتی ناتھ کو لڈو چڑھانے کے لیے مقام پر پہنچے تھے۔ اسٹیج کے گرنے کی وجہ سے درجنوں افراد اس کے نیچے دب گئے۔ زخمیوں میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ایمرجنسی ریسکیو کارروائیاں شروع کر دی گئی تھیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ اس کے بعد 20 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ نے تصدیق کی کہ اس حادثے میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔یہ ایونٹ تقریباً 30 سالوں سے ہر سال منعقد کیا جا رہا تھا، اور اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ عارضی اسٹیج کی ساخت اور انتظامات میں کہاں کمی رہ گئی تھی جس کی وجہ سے اس طرح کا سانحہ پیش آیا۔