تفتیشی افسر سے شہری واجد حسین کے 2018 سے لاپتہ ہونے کے حوالے سے کارروائی کی تفصیلات طلب ، سماعت چار ہفتے کیلئے ملتوی
کراچی (آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا ہے عدالت نے تفتیشی افسر سے شہری واجد حسین کے 2018 سے لاپتا ہونے کے حوالے سے کارروائی کی تفصیلات طلب کیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اب تک اس کیس میں کیا پیشرفت ہوئی ہے؟۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ واجد حسین کی بازیابی کے لئے متعدد جے آئی ٹی اجلاس ہوئے ہیں۔ مگر عدالت نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی اجلاسوں کے ذریعے صرف اہلخانہ کو امید دی جاتی ہے، لیکن عملی طور پر کوئی نتیجہ نہیں نکلتا۔ جسٹس لاح الدین پنہور نے ریمارکس میں کہا کہ لاپتا افراد کے معاملے میں جے آئی ٹیز کا کوئی رول نہیں ہے اور ان اجلاسوں سے کچھ نہیں ہوتا‘تفتیشی افسر نے عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکامی کے بعد جواب جمع کرانے کے لئے مزید مہلت مانگ لی، جس پر عدالت نے درخواست کی مزید سماعت چار ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔