لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور سے 7ویں ایشیا اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپین شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ پولیس کے 4کھلاڑیوں نے 06 کانسی میڈلز اپنے نام کئے۔ آئی جی پنجاب نے فاتح کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ تعریفی اسناد اور کیش انعامات دینے کا اعلان بھی کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس تائیکوانڈو کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میڈلز جیتنے والے پولیس اتھلیٹس محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔ پولیس سپورٹس بورڈ کے پلیٹ فارم سے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سب انسپکٹر امبرین یوسف اور ہیڈ کانسٹیبل محمد عظمت نے دو دو برونز میڈلز جیتے۔ اسی طرح کانسٹیبلز محمد ولید اور علی اکبر نے ایک ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ چیمپین شپ میں پاک آرمی، نیوی، ایئر فورس اور ریلوے سمیت مختلف اداروں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔