پاکستان پولیس کے اطہر جہان نے دو میڈلز جیت لیے

مسٹر یونیورس 2026 میں گولڈ اور برونز میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا
لاہور (کرائم رپورٹر) مسٹر یونیورس چیمپئن شپ 2026 بنکاک، تھائی لینڈ میں پاکستان پولیس کے اتھلیٹ اطہر جہان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ اور برونز میڈل جیت کر پاکستان اور محکمہ پولیس کا نام روشن کر دیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اطہر جہان نے جونیئر مسٹر یونیورس کیٹیگری میں گولڈ میڈل جبکہ مسٹر یونیورس مینز فزیک کیٹیگری میں برونز میڈل حاصل کیا۔ چیمپئن شپ میں دنیا بھر سے نامور اتھلیٹس نے شرکت کی جہاں سخت مقابلے کے باوجود انہوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شاندار کامیابی پر اطہر جہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے کھلاڑی قومی و بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کھلاڑی محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔