اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی۔گذشتہ روزفاضل عدالت نے اڈیالہ جیل کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں ہی سماعت کی اور بغیر کسی کاروائی کے سماعت 11 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدم دستیابی کے باعث جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ پر تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمات کی سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی گئی۔بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے حوالے سے وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا عدالت کو تاحال کوئی جواب موصول نہ ہو سکا،جج طاہر عباس سپرا کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت بغیر مزید کسی کارروائی کے8 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔سینئر سول جج محمد عباس شاہ کی عدالت نے حقیقی آزادی مارچ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرکی بریت درخواست پر سماعت بغیر کاروائی ملتوی کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران اسد قیصر کی عدم حاضری کے باعث بریت کی درخواست پر دلائل نہ ہوسکے اورعائشہ خالد ایڈووکیٹ نے اسد قیصر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی جسے عدالت نے منظور کرلیا اورمزید سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدم دستیابی نے باعث26 نومبر احتجاج کے دوران درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 8اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ملزموں کے خلاف تھانہ کوہسار میں دو مقدمات درج ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کے خلاف درج7 مقدمات کی تفصیلات فراہم کردیے جانے پر درخواست نمٹادی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس میں بتایاگیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف اسلام آباد کی حدود میں 7 مقدمات درج ہیں، عدالت نے کیسز کی تفصیل فراہمی کے بعد درخواست نمٹا دی۔