ٹرین پر جعلی کرنسی سمگل کرنے کی کوشش

لاہور (اپنے کامرس رپورٹرسے )ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے جعلی کرنسی خیبرپختونخوا سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ملزم عامر خان مشکوک حالت میں پشاور کینٹ سٹیشن کے مین گیٹ سے داخل ہوا۔ ایس ایچ او پشاور کینٹ جمال عبد الناصر نے شک کی بنیاد پر ملزم کی تلاشی لی۔ ملزم کے قبضے سے 50 ہزار روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی۔ ترجمان کے مطابق ملتان کا رہائشی ملزم عامر خان خیبر میل کے ذریعے پشاور سے ملتان جارہا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ ریلویز پولیس پشاور کینٹ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔