پارٹی رہنمائوں کی ملاقاتیں ن لیگ کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے نوازشریف

نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک، ماڈل ٹائون میں پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں‘عید کے بعد صوبے کے دورے کرنے کافیصلہ
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک ہوگئے اور پارٹی رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف سے ماڈل ٹائون میں پارٹی کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، انجئینر امیر مقام، انوشہ رحمن، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ملاقاتیں کیں۔ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں مسلم لیگ کے صوبائی سطح کے پارٹی معاملات پر مشاورت کی گئی، اس موقع پر میاں نواز شریف نے نارووال کے کامیاب جلسے کو سراہا۔ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے اہم پارٹی امور پر میاں نواز شریف کو بریفنگ دی،۔میاں نواز شریف نے پارٹی کو فعال کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ایک سالہ کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھا جائے۔نوازشریف نے رہنمائوں کی مشاورت سے عید کے بعد صوبے کے دورے کرنے کابھی فیصلہ کرلیا