لاہور سمارٹ سٹی ،6 ارب کا منصوبہ

  گلبرگ سے پراجیکٹ کا آغاز،سٹریٹ اور روڈ لائٹس کو سولر پر منتقل ، ریڑھی بانوں کیلئے علیحدہ بازار قائم کئے جائیں گے 
لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور کو سسٹین ایبل سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے دائرہ کار بڑھا دیا گیا،گلبرگ کے بعد ڈی اے کی 6 سکیموں کا چنائو بھی کر لیا گیا۔ شہر کی ایک سو پرائیویٹ سکیموں کو بھی سسٹین ایبل ماڈل پر منتقل کیا جائیگا۔تفصیل کے مطابق سسٹین ایبل سمارٹ سٹی پراجیکٹ کا آغاز گلبرگ سے کر دیا گیا،اس منصوبے کی وزیر اعلیٰ نے منظوری دی۔لاہور کو سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے 6 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ گلبرگ سکیم میں 9 کروڑ 58 لاکھ روپے سے ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ ایل ڈی اے اپنی ہائوسنگ سکیموں میں سمارٹ سٹی ماڈل کے تحت کام کرے گا۔فضائی آلودگی پر قابو پانے اور لیوایبل انوائرنمنٹ کی فراہمی کیلئے پلان بنایا گیا،اس ماڈل کیلئے ایل ڈی اے کی 6 سکیموں کا چنائو کیا گیا۔ جوہر ٹائون، علامہ اقبال ٹائون،سبزہ زار ،گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ اور ایل ڈی اے ایونیو ون میں بھی سسٹین ایبل سمارٹ سٹی ماڈل لاگو کیا جائے گا۔ 6 سکیموں میں سٹریٹ اور روڈ لائٹس کو سولر پر منتقل کیا جائے گا،ہر شخص کی فٹ پاتھ تک آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ گرین بیلٹس، ایکوافائر ری چارج اور بارشی پانی کو محفوظ بنانے پر بھی عمل کیا جائے گا۔سمارٹ سٹی میں ریڑھی بانوں کیلئے علیحدہ بازار اور سکیم میں سائن بورڈز لگائے جائیں گے۔ سائیکل و موٹر بائیک لین،مرکزی تفریحی پارک اور سڑکوں پر پیچ ورک بھی کیا جائے گا۔