2024 میں 7712کلو چرس، 436کلو افیون،284 کلو ہیروئین،173کلو آئس اور75752لیٹر شراب برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کو ڈرگ فری سٹی بنانے کے مشن کی تکمیل کے پیش ِ نظرلاہور پولیس کی جانب سے سال2024ء میں روایتی اور ماڈرن ڈرگز کے قلع قمع کیلئے مختلف کارروائیوں میں 10088ملزمان کوگرفتارکر کے 10399مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 7712کلو چرس، 436کلو افیون،284 کلو ہیروئین،173کلو آئس اور75752لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سٹی ڈویڑن سے منشیات فروشی میں ملوث2280ملزمان،کینٹ سے 2199، سول لائنزسے1081، صدرسے1418، اقبال ٹاؤن سے1602اورماڈل ٹاؤن سے1819ملزمان گرفتارکئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک لاہور کے لئے متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانا لاہور پولیس کی اہم ترجیح ہے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہور پولیس نے جورڈن گینگ سمیت منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث نیٹ ورکس کا کامیابی سے خاتمہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جامع حکمت عملی کے تحت منشیات اسمگلنگ میں ملوث آن لائن سپلائی چین کا قلع قمع کیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ماڈرن نشہ آور منشیات کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا ر ہی ہیں۔ انہوں نے ڈویڑنل افسران کو منشیات کے خاتمے کیلئے تعلیمی اداروں کے اطرف میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی خود نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے منظم گروپوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف ایکشن میں مزید تیزی لائی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشی میں ملوث سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں،والدین بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔