عوام کوسرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کے فوائد جلد نظر آئیں گے،سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت مظفرگڑھ میں بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ علی پور تحصیل کے کوٹلی لال جنگل میں 35 ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروا لی گئی۔ یہ کارروائی محکمہ جنگلات، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے کی گئی اور مظفرگڑھ جنگلات ڈویژن کے تحت مکمل ہوئی۔ اس موقع پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی وسائل کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جنگلات کی اراضی واگزار کروانے پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ کارروائی قانون کی بالادستی کا واضح ثبوت ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ مریم اورنگزیب نے اس کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کی حفاظت سے نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رکھا جائے گا بل کہ عوام کو سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خاتمے کے فوائد بھی جلد نظر آئیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی طاقتور فرد کو عوامی وسائل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔