مسافر طیارہ روسی میزائل دفاعی نظام کے باعث تباہ ہوا: آذربائیجان حکام کی تصدیق

باکو(آئی این پی ) آذربائیجان کے اعلیٰ حکام نے روس کے میزائل دفاعی نظام کو قازقستان میں اپنے مسافر طیارے کی تباہی کی وجہ قرار دے دیا، حادثے میں 38 مسافر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 29 محفوظ رہے تھے۔آذربائیجان کے ذرائع ابلاغ نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پینٹسر میزائل سسٹم نے گروزنی شہر کے قریب پہنچتے ہی طیارے کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق روسی الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے استعمال کی وجہ سے طیارے کا مواصلاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارہ روسی فضائی حدود میں رہتے ہوئے ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ طیارہ صرف ریڈار میں اس وقت نظر آیا جب وہ بحیرہ کیسپیئن کے آس پاس کے علاقے میں تھا۔