یمن پرصیہونی حملے میں 6سے زائد افراد شہیدہوگئے ، غزہ میں سردی کی شدت سے 4شیرخوار بچوں کی اموات پر اسرائیل میں جرمن سفیر بھی بول پڑے
غزہ ،صنعا(آئی این پی )اسرائیلی فوج کے غزہ میں ہسپتال کے قریب حملے میں 50افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ یمن پر اسرائیل کے حملے میں 6سے زائد افراد شہید ہوگئے ۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز کی ہسپتال کے قریب اندھا دھند بمباری سے 5میڈیکل سٹاف سمیت 50افراد شہید ہوگئے۔غزہ سٹی میں اسرائیل نے گذشتہ رات ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9افراد شہید ہوئے۔ادھر شدید سردی میں دربدر فلسطینی خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں اور ان کے پاس سردی سے بچنے کے لیے ضروری سامان دستیاب نہیں جب کہ کھانے پینے کی اشیاء اور دواں کی بھی شدید قلت ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک بیان میں جرمن سفیر نے سردی کے باعث معصوم بچوں کی اموات پر کہا کہ اگر یہ واقعہ ہمیں نہیں ہلاسکا تو ہم نہ تو بیت لحم میں ہونے والی حضرت عیسٰی کی پیدائش کو سمجھتے ہیں اور نہ ہی حنوکا(یہودی تہوار) کو سمجھتے ہیں۔جرمن سفیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں بچوں کی ہائپوتھرمیا سے اموات فوری جنگ بندی کے مطالبے کے لیے کافی ہونی چاہئیں۔دوسری جانب یمن پر اسرائیل کے حملے میں 6سے زائد افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں سے یمنی دارالحکومت صنعا کے ائیرپورٹ کو نقصان پہنچا۔ حملے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔