چین کا تبت میں دنیا کا پہلا سپر ڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

 سپر ڈیم دریائے یارلنگ سانگبو پر تعمیر کیا جائے گا ، 137ارب ڈالرز خرچ ہونے کا امکان 
 بیجنگ(آئی این پی )چین نے دنیا کے سب سے بڑے ڈیم یا پہلے سپر ڈیم کی تعمیر کی منظوری دیدی ہے جو چین میں ہی موجود اس وقت دنیا کے سب سے بڑے تھری گورجز ڈیم سے 3 گنا زیادہ توانائی فراہم کرسکے گا۔چینی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ سپر ڈیم تبت میں دریائے یارلنگ سانگبو پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس ڈیم کی تعمیر پر 137 ارب ڈالرز خرچ ہونے کا امکان ہے اور اس طرح یہ زمین کا سب سے مہنگا تعمیراتی منصوبہ یا انفرا اسٹرکچر پراجیکٹ ثابت ہوگا۔ چین کی جانب سے ڈیم کو اس جگہ تعمیر کیا جائے گا جہاں بارش بہت زیادہ ہوتی ہے۔اس منصوبے کے مکمل ہونے پر توقع ہے کہ سالانہ 300ارب کلو واٹ گھنٹے کے قریب بجلی پیدا ہوسکے گی، اس کے مقابلے میں تھری گورجز ڈیم سے سالانہ 88.2 کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا ہوتی ہے۔ نئے ڈیم سے حاصل ہونے والی بجلی 30 کروڑ سے زائد افراد کی سالانہ ضروریات کے لیے کافی ہوگی۔