ویمنز ایشیا کپ؛ پاک بھارت ٹاکرا، پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کا بیان سامنے آگیا

لاہور(نیٹ نیوز )دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ 2026  میں پاکستان کا بھارت سے مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا، اس حوالے سے قومی ٹیم کی کپتان نے ایشیا کپ سے قبل کپتانوں کی مشترکہ پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کا بھارت کے ساتھ مقابلہ 5 ستمبر کو ہے اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو انجوائے کریں اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ایسی ہے کہ اس دن جو اچھا کھیلتا ہے وہی پرفارم کرتا ہے، کوشش یہی ہوگی کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں۔قومی کپتان نے دی ہنڈریڈ لیگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ دی ہنڈریڈ لیگ کے ساتھ کھیلنا اچھا تجربہ تھا اور کافی کچھ سیکھنے کو ملا۔انہوں نے کہا کہ دی ہنڈریڈ لیگ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے کافی اعزاز کی بات تھی اور کوشش یہی تھی کہ  میں اس طرح وہاں پرفارم کروں کہ پاکستان کی اور لڑکیاں بھی وہاں جاکر کھیلیں۔ایونٹ کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کا آغاز کل تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے میچ سے ہوگا۔