رائزنگ سٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز آج یو اے ای کیخلاف مدمقابل ، پاک بھارت ٹاکرا 22 نومبر کو شیڈول

سکواڈ انتہائی متوازن ہے اور ٹیم میں باصلاحیت بیٹرز، فاسٹ بائولرز، سپنرز اور آل راؤنڈرز شامل ہیں،ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر 
لاہور(فضیلہ خان)اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز آج ا یو اے ای کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔ 19 سے 29 نومبر تک دوحہ میں شیڈول آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی قیادت عبدالصمد کر رہے ہیں۔ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں پاکستان شاہینز کے ہمراہ روایتی حریف بھارت اے، یو اے ای اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ شیڈول کے مطابق پاکستان شاہینز اپنا دوسرا اور ہائی وولٹیج میچ 22 نومبر کو بھارت اے کے خلاف کھیلے گی، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 24 نومبر کو نیپال کے مدمقابل ہوگا۔ایونٹ کے آغاز سے قبل گفتگو کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونیئر نے کہا کہ ایونٹ کے لیے منتخب کیا گیا سکواڈ انتہائی متوازن ہے اور ٹیم میں باصلاحیت بیٹرز، فاسٹ بولرز، سپنرز اور آل راؤنڈرز شامل ہیں۔اعجاز احمد جونیئر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی کرکٹ سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، اور یہاں حاصل ہونے والا تجربہ کھلاڑیوں کے مستقبل کے کیریئر میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔