57سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا فیصلہ

 واسا ایجنسیوں کو اہم مقامات کی نشاندہی کرنے،تنصیب کیلئے ٹاسک مل گیا
ہسپتالوں میں آگ سے بچائو کے انتظامات کا جائزہ لینے ،سہولیات موثر بنانیکا حکم
لاہور (خصوصی رپورٹ)صوبہ پنجاب کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کے گرد فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حوالے سے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سرکاری ہسپتالوں میں آگ سے بچائو کے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے اور فائر فائٹنگ کی سہولیات کو مزید مئوثر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کے 57 سرکاری ہسپتالوں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے۔ ان ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق نئے فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں گے جبکہ پہلے سے موجود فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی، فعالیت اور کارکردگی کا بھی فوری جائزہ لیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق ریجنل ہیلتھ سنٹرز تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں کے قریب فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب اور بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔تمام واسا ایجنسیوں کو ہسپتالوں اور دیگر اہم مقامات کی نشاندہی کرنے اور ضرورت کے مطابق فائر ہائیڈرنٹس کی تنصیب کے لیے ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ نے کہا کہ ہسپتالوں کے اطراف مئوثر فائر فائٹنگ کے لیے فائر ہائیڈرنٹ انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔