گلگت بلتستان،وزیر اعلیٰ آج حلف اٹھائیں گے

جی بی کابینہ کے لیے فہرست تیار کر لی گئی ،بلاول بھٹو انٹرویوز کرینگے
 گلگت(خصوصی رپورٹ)نومنتخب وزیراعلی گلگت بلتستان کی حلف برداری آج تاریخی چنارباغ گلگت میں دوپہر 2 بجے ہوگی۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تقریب میں شرکت کرینگے۔بلاول بھٹو اتوار کو سکردو پہنچ گئے جہاں ان کا استقبال پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کیا۔بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلی امجد حسین ایڈووکیٹ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت نے گلگت بلتستان کابینہ کا انتخاب خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری جی بی کابینہ کیلئے امیدواروں کے انٹرویو خود کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو تین روز تک گلگت میں قیام کریں گے، کابینہ کے لیے نامزدگی فہرست تیار کر لی گئی ہے، وزیر اعلی گلگت بلتستان کابینہ سے متعلق سفارشات بلاول بھٹو کو پیش کریں گے۔جی بی کابینہ کیلئے امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت اور ان کے تجربے کی بنیاد پر ہوگا، اور بلاول بھٹو کابینہ کی حتمی منظوری سے قبل وزیر اعلی جی بی سے مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کابینہ 15 سے کم وزرا پر مشتمل ہو سکتی ہے،جن میں وزرا اور ان کے معاونین ہوں گے، کابینہ میں آئی پی پی کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔