گیس سبسڈی نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے:علی پرویز ملک

تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے
حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے:وفاقی وزیر
 کراچی(آئی این پی )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے گیس سبسڈی کے موجودہ نظام اور قیمتوں کے سلیب پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل)کے اجلاس کی صدارت کی، جس میں ادارے کی کارکردگی، اصلاحات، آپریشنل امور اور مالی پائیداری کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس چوری اور نقصانات میں کمی ایس ایس جی سی ایل کی مالی پائیداری کیلئے ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں گیس فراہمی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور گیس چوری، تکنیکی مسائل اور انفراسٹرکچر سے متعلق رکاوٹوں کا موثر تدارک کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ گیس سرکلر ڈیٹ میں اضافے کو تقریبا روک دیا گیا ہے، حکومت عالمی بینک کے تعاون سے گیس سیکٹر میں جامع اصلاحات پر بھی کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا تمام صارفین کے لیے منصفانہ اور یکساں گیس قیمت کی جانب مرحلہ وار منتقلی ضروری ہے