قطر سے اضافی ایل این جی کا کامیاب معاہدہ، گیس کی بہتر فراہمی جاری ہے ،گیس سیکٹر میں سرکلر ڈیٹ کا اضافہ رک گیا، نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا
کوئی مقامی گیس فیلڈ بند نہیں ہے‘گھریلو صارفین کیلئے گیس فراہمی کے اوقات صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیئے گئے ہیں :وفاقی وزیر
اسلام آباد( آن لائن )وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک میں گیس کی قیمتوں میں اگلے چھ ماہ تک کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا یہ فیصلہ عوام کو موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کیا گیا ہے۔وزیر پٹرولیم نے مزید بتایا کہ گیس سیکٹر میں سرکلر ڈیٹ کا اضافہ رک گیا ہے اور نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا۔ علاوہ ازیں، قطر سے اضافی ایل این جی کارگو عالمی منڈی میں منتقل کرنے کا کامیاب معاہدہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے باعث تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ملک بھر میں گھریلو صارفین کو بہتر فراہمی جاری ہے ۔ علی پرویز ملک نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی مقامی گیس فیلڈ بند نہیں ہے ، جبکہ بجلی گھر آئی جی سیپ ڈیمانڈ سے زائد گیس لے رہے ہیں‘ گیس کی فراہمی کے اوقات صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔