آئی ایم ایف کے حکم پرگیس، بجلی صارفین کیلئے سلیب اور سبسڈی ختم کرنے کی تیاری

 بجلی میں نیا سبسڈی نظام جنوری 2027 سے نافذ کرنے کا منصوبہ ، گیس صارفین کیلئے نیا سبسڈی نظام یکم جولائی سے متعارف کرانے کی تیاری کرلی گئی
بجلی اور گیس پر سبسڈی صرف مستحق اور کم آمدنی والے صارفین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا‘ مستحق صارفین کی رجسٹریشن نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے
اسلام آباد (آئی این پی)آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے توانائی شعبے میں اصلاحات تیز کردی گئیں  جب کہ گیس اور بجلی صارفین کے لیے موجودہ سلیب اور کراس سبسڈی نظام ختم کرنے کی تیاری ہے۔رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ بجلی میں نیا سبسڈی نظام جنوری 2027 سے نافذ کرنے کا منصوبہ ہے، گیس صارفین کے لیے نیا سبسڈی نظام یکم جولائی 2027 سے متعارف کرانے کی تیاری کرلی گئی۔بجلی اور گیس پر سبسڈی صرف مستحق اور کم آمدنی والے صارفین تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ذرائع نے کہا کہ پاور ڈویژن نے عالمی بینک کے تعاون سے مستحق صارفین کی سماجی و اقتصادی رجسٹری پر کام شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق مستحق صارفین کی رجسٹریشن نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے، صارفین کا ڈیٹا تصدیق کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ سے منسلک کیا جائے گا، نئی رجسٹری کے ذریعے بجلی اور گیس سبسڈی کے مستحق صارفین کی نشاندہی کی جائے گی۔جنوری 2027 تک بجلی میں ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی اور کراس سبسڈی نظام ختم کرنے کی تیاری ہے، گیس صارفین کو یکم جولائی 2027 سے سماجی و اقتصادی رجسٹری سے منسلک کیا جائے گا۔