میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد متاثرہ 106 سڑکوں کی پیوندکاری اور استرکاری کا کام پیر سے شروع ہوگا، اور یہ کام 60 یوم میں مکمل کر لیا جائے گا۔
اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 75 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔کے ایم سی ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ کراچی بارشوں کی صورتحال سے اب نکل چکا ہے اور اب توٹی پھوٹی سڑکوں کی مرمت پر توجہ دی جائے گی۔ 75 کروڑ روپے میں سے ہر ضلع کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جنہیں متعلقہ ضلع کی سڑکوں پر پیچ ورک اور مرمت میں استعمال کیا جائے گا۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ عوام بجٹ، ترقیاتی اسکیموں اور منصوبوں کے بارے میں معلومات کے لیے کے ایم سی کی آفیشل ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں، جہاں 106 سڑکوں کی تفصیلات، ٹھیکیداروں اور انجینیئرز کے نام، کمپنی کی معلومات، اور ایکس ای این کے واٹس ایپ نمبر بھی دستیاب ہیں۔شہری کسی بھی شکایت کے لیے 1339 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کے منصوبے کے ساتھ ساتھ گلی محلوں کی ترقیاتی اسکیموں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر اپڈیٹ کی جا رہی ہیں، اور میئر اور ڈپٹی میئر خود براہِ راست ان منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں سڑکوں کی مرمت کے لیے سالانہ کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور ہر ضلع کے لیے الگ کنٹریکٹر مقرر ہے۔
اگر کسی ضلع میں سڑک خراب ہوگی تو متعلقہ کنٹریکٹر ہی اس کی مرمت کرے گا۔انہوں نے خبردار کیا کہ جو ادارے بغیر اجازت سڑکیں کاٹیں گے، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، اور نالے، پارکس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی۔میئر نے ٹاؤن چیئرمینز پر تنقید بھی کی کہ بعض افراد صرف تنخواہوں کا بہانہ بنا کر کام نہیں کرتے، جبکہ انہیں پراپرٹی ٹیکس، روڈ کٹنگ، ایڈورٹائزمنٹ ٹیکس، رجسٹریشن ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس کی مد میں بھاری رقوم ملتی ہیں۔ نیو کراچی ٹاؤن کو سوا تین ارب روپے روڈ کٹنگ کی مد میں ملے، اور اگر انہوں نے دو ارب روپے صرف کیے ہیں تو وہ اس کا حساب دیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باوجود وہ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے لیے تیار ہیں اور جماعت اسلامی کو بھی اپنے کام دکھانے کا کہا جائے گا۔ انہوں نے لاہور کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نرخوں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کسی شہری سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے کوئی پیسہ نہیں لیا جاتا، اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین کام بھی کیا گیا جس کا کریڈٹ بعض ٹاؤن چیئرمین نے لیا۔