راولپنڈی کے علاقے روات میں انسانی اعضا کی غیر قانونی پیوندکاری کا ایک خفیہ سینٹر بے نقاب ہوا ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو بازیاب کرا لیا جو اسٹریچر پر بندھا ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، پولیس نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم غیرقانونی پیوندکاری سینٹر پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے مزاحمت کی گئی، اور 6 افراد دیواریں پھلانگ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ ایک شخص کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق بازیاب کرائے گئے متاثرہ شخص نے انکشاف کیا کہ اسے نوکری کی آفر دے کر بلایا گیا تھا، بعد ازاں نشہ آور چیز پلا کر بیہوش کیا گیا۔ متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ ملزمان اس کا گردہ نکالنے کی تیاری کر رہے تھے۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ اور اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث اس گروہ کے انکشاف سے سیکیورٹی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔