برسوں غصے کے مسائل کا شکار رہا، اب صبر اور خود پر قابو پانا سیکھ لیا:عفان وحید کا انکشاف

برسوں غصے کے مسائل کا شکار رہا، اب صبر اور خود پر قابو پانا سیکھ لیا:عفان وحید کا انکشاف

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکار عفان وحید نے پہلی بار اپنی شخصیت کے ایک کم نظر آنے والے پہلو پر روشنی ڈالی ہے۔

 نرم خو اور متوازن گفتگو کے لیے مشہور عفان نے انکشاف کیا کہ وہ برسوں تک غصے کے مسائل سے دوچار رہے اور کئی بار یہ کمزوری انہیں مشکل صورتحال میں لے آئی۔ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ اگرچہ وہ بظاہر خوش مزاج اور پُرسکون دکھائی دیتے ہیں لیکن ان کے قریبی افراد جانتے ہیں کہ وہ بعض اوقات شدید غصے میں آ جاتے ہیں۔

عفان وحید کے مطابق:
’’یہ مسئلہ میں نے ہمیشہ خود بھی محسوس کیا اور برسوں سوچ بچار کے بعد بہت کچھ سیکھا۔ غصہ صرف وقتی ردعمل نہیں ہوتا بلکہ موروثی اثرات اور ماحول بھی اس پر اثرانداز ہوتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ خود کو پہچاننا اور رویے کا جائزہ لینا ہی اس مسئلے سے نمٹنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔ وقت کے ساتھ انہوں نے ایسی تکنیکیں سیکھی ہیں جو نہ صرف غصے پر قابو پانے میں مدد دیتی ہیں بلکہ ذہنی سکون اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتی ہیں۔اداکار نے اعتراف کیا کہ ماضی میں کئی مواقع پر انہوں نے غیر ضروری طور پر سخت ردعمل دیا جس پر آج انہیں افسوس ہے، تاہم اب اپنی ذات پر کام کرنے کے باعث ان کی شخصیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

عفان وحید کے مطابق:
’’غصہ اکثر ان دیکھی مشکلات کی جڑ بن جاتا ہے۔ اب میں نے سیکھ لیا ہے کہ مشکل وقت میں خاموش رہنا اور جذبات پر قابو رکھنا ہی اصل طاقت ہے۔‘‘