چناب میں سیلاب کے باعث سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بند

چناب میں سیلاب کے باعث سیالکوٹ ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بند

سیالکوٹ کے علاقے سمبڑیال میں دریائے چناب میں طغیانی کے باعث سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

 فلائٹ آپریشن کی معطلی کا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق آج صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک ایئرپورٹ پر کسی بھی پرواز کو آپریٹ نہیں کیا جائے گا۔ترجمان سیال کے مطابق سیلابی پانی ایئرپورٹ کے جنوبی اطراف سے داخل ہوا ہے تاہم ایئرپورٹ کے ٹرمینل، بلڈنگ، پارکنگ اور رن وے سمیت مرکزی حصہ محفوظ ہے۔ سیلابی پانی کے اخراج کے لیے ڈی واٹرنگ پمپ اور بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ سیال انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے اور ایئرپورٹ پر نصب تمام آلات محفوظ ہیں۔دوسری جانب، سیالکوٹ ایئرپورٹ کی عارضی بندش کے بعد پی آئی اے نے اپنا فلائٹ آپریشن لاہور منتقل کر دیا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق متاثرہ پروازوں میں پی کے 746 جدہ تا سیالکوٹ، پی کے 745 سیالکوٹ تا جدہ، پی کے 239 سیالکوٹ تا کویت اور پی کے 244 دمام تا سیالکوٹ شامل ہیں، جو اب لاہور ایئرپورٹ سے آپریٹ ہوں گی۔ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ اپنی پروازوں کے شیڈول سے متعلق بروقت معلومات کے لیے کال سینٹر 111-786-786 سے رابطہ رکھیں۔