ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے ’’سچے پیار‘‘ کے حوالے سے ایسا بیان دے دیا جس نے مداحوں کو ایک بار پھر حیرت میں ڈال دیا۔
بگ باس 19 کے گرینڈ پریمیئر میں سلمان خان بطور میزبان جلوہ گر ہوئے، جہاں مہمان تانیا متل نے ان سے سوال کیا:’’کیا سچا پیار ہمیشہ ادھورا ہی رہ جاتا ہے؟‘‘اس پر سلمان خان نے مسکراتے ہوئے کہا:’’مجھے نہیں معلوم، کیونکہ مجھے تو اب تک سچا پیار ہوا ہی نہیں۔ نہ کوئی سچا پیار ہوا اور نہ ہی کچھ ادھورا رہا۔‘‘ان کا یہ جواب سنتے ہی شو کا ماحول پرجوش ہوگیا اور مداحوں نے ایک بار پھر حیرت کا اظہار کیا کہ بالی ووڈ کے سب سے زیادہ مقبول ہیرو اب تک سچے پیار کی تلاش میں کیوں کامیاب نہیں ہوسکے۔سلمان خان کی ذاتی زندگی ہمیشہ خبروں کی زینت رہی ہے۔ ان کا نام کئی اداکاراؤں کے ساتھ جڑا، جن میں ایشوریا رائے، کترینہ کیف اور سنگیتا بجلانی شامل ہیں۔ ایشوریا رائے کے ساتھ ان کا تعلق تنازعات کے باعث ختم ہوا، جبکہ کترینہ کیف کے ساتھ قریبی رشتہ بھی شادی تک نہ پہنچ سکا۔
اب جبکہ سلمان خان 58 برس کے ہو چکے ہیں، ان کے مداح ایک بار پھر یہ سوال کرنے پر مجبور ہیں کہ آیا دبنگ خان شادی کریں گے یا ہمیشہ کے لیے ’’فار ایور سنگل‘‘ کے لقب کے ساتھ ہی جانے جائیں گے۔سلمان خان کے اس تازہ بیان نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی ہے۔ مداح مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں: کچھ کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو شادی نہ کرنے پر خوش رہنا چاہیے، جبکہ کچھ اب بھی امید لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ایک دن ضرور اپنی ’’سچی محبت‘‘ کو پا لیں گے۔