دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد پر خطرناک صورتحال، بند ٹوٹنے کا خدشہ

دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد پر خطرناک صورتحال، بند ٹوٹنے کا خدشہ

دریائے چناب میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر پانی کے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کو سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ قادر آباد پر پانی کے بہاؤ کی مقدار 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ اس ہیڈ ورکس کی زیادہ سے زیادہ برداشت کی صلاحیت 8 لاکھ کیوسک سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک زیادہ ہے۔ اس غیر معمولی دباؤ کے باعث بائیں جانب بند ٹوٹنے کا شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اگر بند ٹوٹتا ہے تو حافظ آباد اور چنیوٹ کے علاقے شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس ہنگامی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو شہریوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور بند کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔ موجودہ صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات اور شہریوں کی بروقت منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔