لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان کی طرف بھیج رہا ہے احسن اقبال

بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہے‘ بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ ورکنگ انفارمیشن رکھتا تو کم نقصان ہوتا
یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، یہ وہ نئی آفت ہے جس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں صف بندی کرنی ہے:متاثرہ علاقوں کے دورہ پر گفتگو

نارووال(آئی این پی)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے  بھارت نے آبی جارحیت کی  جس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے،بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  بھارت نے آبی جارحیت کی ہے، اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ ورکنگ انفارمیشن رکھتا تو کم نقصان ہوتا۔لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان کی طرف بھیج رہا ہے، تاکہ پاکستان کا زیادہ سے زیادہ نقصان ہو، وزیراعظم شہباز شریف کا کل نارووال کا دورہ متوقع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیں گے، نارووال تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، پانی کا سکیل بہت زیادہ ہے۔ 6 سے 8 فٹ پانی باہر روڈ پر جمع ہو چکا ہے۔ہم سب کو مل کر سیاست سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہوگا، یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، یہ وہ نئی آفت ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں صف بندی کرنی ہے۔