بھارت مستقل پانی بند کرنے کی پوزیشن میں نہیں: معین وٹو

لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین خان وٹو نے کہا ہے بھارت کسی صورت میں پانی مستقل طور پر بند کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ فیصلہ کیا ہے جس کا وہ مجاز نہیں تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا بھارت نے وزارت خارجہ کے ذریعے پانی دریائو ں میں چھوڑنے کی اطلاع دی ہے بھارت یہ غلط ثابت کرنا چاہتاہے کہ وہ معاہدے سے ہٹ چکاہے اور اس لئے یہ اشارے دے رہا ہے۔معاہدے کے مطابق کوئی بھی ملک یکطرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا۔ بھارت نے یکطرفہ طورپر اپنا فیصلہ کیا کہ تاحکم ثانی پانی دریاوں میں بند کیا ہوا ہے۔نیدر لینڈز میں بین الاقوامی عدالت نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔۔انہوں نے کہا پاکستان پانی ذخیرہ کرنے  کیلئے  بھاشا، داسو اور مہمند ڈیمز کی تعمیر مکمل کرلے گا تو پانی اسٹور کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی جائے گی اور بھارت کو ہر صورت میں پاکستان کے موقف کی تائید کرنا پڑے گی ۔