پسند کی شادی کرنیوالی خاتون کا مبینہ قتل،شوہر گرفتار

مہوش کی جانباز پورہ کالونی میں سسرال سے تشدد زدہ لاش برآمد، ہسپتال منتقل 
جلال پورپیروالہ(خصوصی رپورٹ)پسند کی شادی کرنیوالی خاتون کا مبینہ قتل، سسرال سے تشدد زدہ لاش برآمد ،پولیس نے شوہر کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفصیل کیمطابق 1 ماہ قبل پسند کی شادی کرنے والی 20 سالہ مہوش کی تھانہ سٹی کی حدود جانباز پورہ کالونی میں سسرال سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے. پولیس تھانہ سٹی نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرلئے اور نعش پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردی. جبکہ مقتولہ مہوش کی والدہ و دیگر ورثاء نے الزام عائد کیاکہ صبح کے وقت مہوش کے سسرال والوں نے کال پر اطلاع دی کہ مہوش کے سر پر سلائی مشین گرنے سے مہوش کی موت واقع ہوگئی ہے. لیکن مہوش کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں.ورثاء نے الزام عائد کیا کہ مہوش کو اس کے شوہر شہباز اور ساس نے دیگر کیساتھ مل کر منصوبہ بندی کیساتھ قتل کیا ہے.جس کی شفاف تحقیقات کرکے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے ہمیں انصاف دیا جائے. دوسری جانب پولیس نے تفتیش کیلئے مقتولہ کے شوہر شہباز کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ مہوش کا قتل ہوا یہ واضح ہے،تمام پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں،گھر کے قریب لگے کیمروں کی مدد، کال ریکارڈز اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے تک معاملے کی حد تک جائینگے کہ قتل کس نے کیا اور کون کون ملوث ہے۔