سدرہ کوکشمیر سے واپس لاکر گلہ گھونٹ کر مارا گیا، رات کے اندھیرے میں دفنا یا گیا،قبر کا نشان بھی مٹا دیا گیا
واردات 17 جولائی کو ہوئی، قبرستان کمیٹی کے سابق چیئرمین اور گورکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے،پولیس
راولپنڈی(یواین پی)راولپنڈی میں بھی پسند کی شادی کرنے والی نوجوان لڑکی کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا، مقتولہ کو خاموشی سے رات کے اندھیرے میں دفنا دیا گیا اور اس کی قبر کا نشان بھی مٹا دیا گیا تاکہ شواہد چھپائے جا سکیں، پولیس کے مطابق واردات 17 جولائی کو ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں پسند کی شادی کرنے والی نوجوان لڑکی سدرہ کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سدرہ کو اس کی پسند کی شادی پر شدید دباؤ کا سامنا تھا وہ کشمیر فرار ہو گئی تھی لیکن بعد میں اسے واپس لاکر قتل کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں قبرستان کمیٹی کے سابق چیئرمین اور گورکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے عدالت سے مقتولہ کی قبر کشائی کی اجازت طلب کی ہے تاکہ قتل کی تصدیق اور شواہد حاصل کئے جا سکیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق سدرہ کے شوہر ضیاء الرحمان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں مقتولہ سدرہ پر زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں لڑکی پر عثمان نامی لڑکے کے ساتھ بھاگ جانے کا الزام بھی لگایا گیاہے۔