امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس رافیل پیرالٹا نے ایرانی پرچم بردار خام تیل بردار جہاز ایم ٹی اسٹریم کو روک لیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹینکر ایرانی بندرگاہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔سینٹکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ اقدام ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کے تسلسل میں کیا گیا، جس کے تحت ایران آنے جانے والے بحری جہازوں کی کڑی نگرانی اور روک تھام جاری ہے۔بحری جہازوں کی نگرانی کرنے والے ادارے میرین ٹریفک کے مطابق ایم ٹی اسٹریم ایک خام تیل بردار جہاز ہے جو ایرانی پرچم کے تحت رجسٹرڈ ہے، اور اسے آخری بار تقریباً 13 روز قبل آبنائے ملاکا کے قریب ٹریک کیا گیا تھا۔
ادھر ایرانی وزارتِ خارجہ اس سے قبل امریکا پر کھلے سمندر میں "قذاقی" اور "مسلح ڈکیتی" کا الزام عائد کر چکی ہے۔ تہران کا کہنا تھا کہ امریکی بحریہ نے حالیہ دنوں میں ایران سے منسلک 2 دیگر آئل ٹینکرز میجسٹک ایکس اور ٹیفانی کو بھی قبضے میں لیا، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔امریکا اور ایران کے درمیان خلیجی پانیوں میں بڑھتی یہ کشیدگی عالمی توانائی منڈیوں کے لیے بھی تشویش کا باعث بنتی جا رہی ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز اور ایرانی بندرگاہیں عالمی تیل ترسیل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔