نورا فتیحی کے ساتھ متنازع گانا، سنجے دت نے معافی مانگ لی

نورا فتیحی کے ساتھ متنازع گانا، سنجے دت نے معافی مانگ لی

بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنجے دت نے متنازع گانے ’’سرکے چنر تیری سرکے‘‘ کے حوالے سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعد باضابطہ معذرت کر لی ہے۔  
نیشنل کمیشن برائے خواتین کے سامنے پیشی کے دوران، سنجے دت نے نہ صرف اپنے مؤقف کی وضاحت کی بلکہ سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کا یقین بھی دلایا۔  کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سمن پر پیش ہوتے ہوئے، اداکار سے گانے میں مبینہ فحش اور نازیبا مواد سے متعلق وضاحت طلب کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گانے کے بول، ترجمہ یا حتمی پیشکش کے بارے میں پہلے سے کوئی تفصیلی علم نہیں تھا، کیونکہ ان کا کردار صرف ایک پیشہ ور اداکار کے طور پر معاہدے کے مطابق پرفارم کرنے تک محدود تھا۔  
سنجے دت نے خواتین کے احترام، معاشرتی اقدار اور حساسیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخلصانہ معافی بھی مانگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مہاراشٹر کے ناگپور میں قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی 50 بچیوں کے ایک سالہ تعلیمی اخراجات برداشت کریں گے، اور اس عملدرآمد کی رپورٹ تین ماہ کے اندر کمیشن میں جمع کریں گے۔