بالی ووڈ کی ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کے متنازع اور فحش گانے ’سرکے چنر تیری سرکے‘ کے خلاف بھارتی ریاست اترپردیش کے دارالافتاء نے فتویٰ جاری کر دیا ہے۔
یہ گانا فلم ’ڈی: دی ڈیول‘ کا حصہ ہے اور یوٹیوب پر ریلیز ہوتے ہی تنازع کا شکار ہوا۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت اور نورا فتیحی کی شمولیت نے اس پر مزید توجہ مرکوز کر دی۔
دارالافتاء سے وابستہ ایک سینئر عالم دین نے گانے کے مواد کو حرام قرار دیا اور اسے اسلامی تعلیمات کے مطابق سنگین گناہ قرار دیا۔عالم دین نے گانے میں دکھائے گئے مناظر کو فحش قرار دیتے ہوئے ایسے مواد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ابتدائی طور پر نورا فتیحی نے وضاحت دی تھی کہ گانے کا فحش ہندی ورژن ان کی اجازت کے بغیر تیار کیا گیا اور اس پر ان کا کنٹرول نہیں تھا۔بھارت کی وزارت اطلاعات و نشریات نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تصدیق کی کہ اس متنازع گانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔