پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے: آصف علی زرداری

 پاکستانی پاسپورٹ پر درج وہ تاریخی مہر آج بھی لوگوں کو یاد ہے جس میں واضح کیا جاتا تھا کہ یہ اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں اور یہ پالیسی 1994 میں جنوبی افریقہ میںنسل پرستی کے خاتمے تک برقرار رہی
صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان موجودہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی افریقہ کے قومی دن کے موقع پر اپنے ہم منصب ماتامیلا سیرل رامافوسا اور جنوبی افریقہ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور امن، ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کے عزم پر مبنی ہیں۔صدر زرداری نے اپنے پیغام میں تاریخی تناظر کو اجاگر کرتے ہوئے نسل پرستی کے دور میں پاکستان کے اصولی مؤقف کی یاد دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ 1948 میں پاکستان نے نہ صرف جنوبی افریقہ کی نسل پرست حکومت بلکہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا، جو اصولی اور اخلاقی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر درج وہ تاریخی مہر آج بھی لوگوں کو یاد ہے جس میں واضح کیا جاتا تھا کہ یہ جنوبی افریقہ (نسل پرست) اور اسرائیل کے لیے کارآمد نہیں، اور یہ پالیسی 1994 میں جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کے خاتمے تک برقرار رہی۔صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان موجودہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید وسعت اختیار کریں گے، جس سے دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کو فروغ ملے گا۔