پاکستان کسی کے قابو میں نہیں، بھارت کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی: سینیٹر عرفان صدیقی

پاکستان کسی کے قابو میں نہیں، بھارت کی غنڈہ گردی نہیں چلے گی: سینیٹر عرفان صدیقی

سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد کی گیدڑ بھبکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور بھارت کے لیے یہ سوچنا کہ پاکستان کو تباہ کر سکتے ہیں، غلط ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حیثیت بابری مسجد کی طرح نہیں ہے کہ بھارت کے غنڈے آئیں اور اس کو ختم کر دیں۔سینیٹ میں اپنے خطاب میں سینیٹر عرفان صدیقی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پہلگام واقعہ کے بعد ملک میں اتحاد دیکھنے کو ملا ہے۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو "گجرات کے قصاب" کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے مسلمانوں کو کچلنے کی پالیسی اپنائی ہے، جس کے نتیجے میں بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی بجائے سب سے بڑی قتل گاہ بن گیا ہے۔انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیر کی مسلم آبادی کے ساتھ ظلم و ستم کی انتہاء کر دی ہے۔ عرفان صدیقی کے مطابق کشمیر میں بارہ ہزار کے قریب خواتین کی عزتیں لوٹی گئیں، اور وہاں ہر سات کشمیریوں کے ساتھ ایک بھارتی فوجی کھڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر دیا ہے، جس سے وہاں کے ڈیڑھ کروڑ افراد کا توازن خراب ہو گیا ہے۔پہلگام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ ایک معروف سیاحتی مقام ہے اور وہاں حالیہ دنوں میں جو واردات ہوئی، وہ دن دہاڑے ہوئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر چار افراد نے حملہ کیا تو وہ کہاں گئے؟ اور بھارتی فوج کے سات لاکھ جوان کہاں تھے؟ جو ہمیشہ کشمیریوں کے سر پر سوار رہتے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام ایل او سی سے دو سو کلو میٹر دور ہے، پھر بھی یہ حملہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟عرفان صدیقی نے بھارتی موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مطابق چار افراد حملہ کر کے غائب ہو گئے، اور ابھی تک ایک بھی ملزم پکڑا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محسوس ہوتا ہے کہ ایف آئی آر پہلے سے ہی تیار تھی اور واقعہ بعد میں منصوبہ بند طریقے سے کیا گیا۔انہوں نے امریکی نائب صدر کی حالیہ بھارت آمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ بھارت پہنچے تو 27 افراد کو قتل کیا گیا، جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ یہ حملہ پاکستان نے کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کسی کے قابو میں نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان کی عزت کو بھارت کے ہاتھوں ختم ہونے دیا جائے گا۔ان کے اس خطاب میں بھارت کے ظلم و ستم کا پردہ چاک کیا گیا اور بھارت کی جانب سے پاکستان پر بلاوجہ الزامات لگانے کے عمل کی مذمت کی گئی۔