پروگرام سے1لاکھ 13 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئیں :کانفرنس سے وزیر بلدیات کا خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹ ) وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ستھرا پنجاب پروگرام کے کنٹریکٹرز کی کانفرنس کے دوران ان کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مقامی ہوٹل میں ہونے والی کنٹریکٹرز کانفرنس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب کے اہداف اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ستھرا پنجاب پروگرام کے آغاز کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ،یہ ایک مشکل ٹاسک تھا کیونکہ صفائی کے شعبے میں آ ئوٹ سورسنگ کا اس سے پہلے کوئی ماڈل پاکستان میں موجود نہیں تھا، پروگرام سے اب تک اندازے سے زیادہ ایک لاکھ 13 ہزار ملازمتیں مہیا کی گئی ہیں۔ براہ راست نوکریوں کے علاوہ لاکھوں بالواسطہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں، صوبہ بھر میں 23 ہزار نئی مقامی مشینری بھی آ چکی ہے۔ انہوں نے کنٹریکٹرز پر زور دیا کہ وہ عوام کی خدمت کا جذبہ برقرار رکھیں،کنٹرول روم میں ظاہر ہونے والا ڈیٹا ہی کارکردگی کا پیمانہ ہے لہذا سٹاف کی حاضری اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کا ڈیٹا ساتھ ساتھ پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔ وزیر بلدیات نے بعض کنٹریکٹرز کی نشاندہی پر بتایا کہ بڑے شہروں کے کمرشل علاقوں میں دو شفٹیں شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی ہیلپ لائن پر موصولہ شکایات کا 24 گھنٹے کے اندر ازالہ کیا جائے۔ سٹاف کو پنجاب حکومت کی طرف سے مقررہ کم سے کم تنخواہ کی ادائیگی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کانفرنس سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بھی خطاب کیا۔