شہری،دیہی علاقوں میں صفائی ٹیکس کی وصولی آج سے شروع ہو گی اکثر علاقوں میں عملہ سارا ماہ غائب رہا

شہری علاقوں میں 5مرلہ تک گھروں پر  300، پانچ سے 10مرلہ پر 500،دس مرلہ سے 1کنال تک ماہانہ ایک ہزار لئے جائیں گے
 دکانیں ماہانہ 500،درمیانے کاروبار والے ایک ہزار،بڑی صنعتیں، کاروبار، فیکٹریاں ماہانہ 3ہزار روپے ٹیکس ادا کریں گی‘کچی آبادیاں مستثنیٰ 

 لاہور(یواین پی)صوبے بھر کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی ٹیکس کی وصولی آج  سے شروع ہو گی۔نیا ٹیکس صوبے کے شہری و دیہی علاقوں میں رہائشی اور کاروباری تمام چھوٹے بڑے یونٹس پر لاگو ہو گا، تاہم لاہور سمیت پنجاب بھر کی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو اس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔دیہی علاقوں کے لیے 3سے 5مرلہ گھروں پر ماہانہ 200روپے، 10مرلہ یا اس سے بڑے گھروں پر ماہانہ 400روپے، چھوٹے کاروبار پر ماہانہ 300روپے، درمیانے کاروبار پر ماہانہ 700روپے اور بڑی صنعتوں یا فیکٹریوں پر ماہانہ 1,000روپے ٹیکس لگے گا، اسی طرح شہری علاقوں کے لیے 5مرلہ تک گھروں پر ماہانہ 300روپے، 5سے 10مرلہ ماہانہ 500روپے،10مرلہ سے 1کنال تک ماہانہ 1,000روپے، 1سے 3کنال ماہانہ 2,000روپے، 3کنال سے بڑے گھروں سے ماہانہ 5,000روپے کوڑا ٹیکس وصول کیا جائے گا،جبکہ تجارتی علاقوں کے لیے دکانیں ماہانہ 500روپے،درمیانے کاروبار ماہانہ 1,000روپے،بڑی صنعتیں، کاروبار، فیکٹریاں ماہانہ 3,000روپے ٹیکس ادا کریں گی۔