ویب ڈیسک: بجلی صارفین کے لئے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے تحت ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق، مارچ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 3 پیسے سستی ہونے کا امکان ہے، جبکہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1 روپے فی یونٹ سے زائد کمی کی توقع ہے۔ اس سے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر 51 ارب 49 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔مالی سال 2024-25 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے درخواست دائر کر دی گئی ہے، جس میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 47 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمی کی درخواست کی گئی ہے۔
نیپرا کے سامنے اس درخواست کی سماعت کل متوقع ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مارچ میں 8 ارب 40 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، اور مارچ میں بجلی کی لاگت 9.22 روپے فی یونٹ تھی۔ اس کے مقابلے میں مارچ کے لئے بجلی کی ریفرنس لاگت 9.25 روپے فی یونٹ تھی۔