وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ نے بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو سخت پیغام دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے پروپیگنڈے کو بھرپور طریقے سے رد کیا جائے گا اور اس بار جواب "مار فینٹاسٹک" ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط ڈھال ہے اور اگر بھارت نے کوئی اشتعال انگیزی کی تو ہماری مسلح افواج اسے منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو ماضی میں بھی منہ کی کھانی پڑی تھی اور اگر بھارت نے دوبارہ غلطی کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دے گا۔ وزیر اطلاعات نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت کے خلاف ہم سب متحد ہیں اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔عطا تارڑ نے بھارتی ایئرلائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بھارت کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور بھارت کے اندر مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔