بھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی تو پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی: طلال چودھری

سندھ طاس معاہدے کی معطلی مودی کی سیاست بڑھک ، عملاً بھارت پاکستان کے پانی کا ایک بوند بھی نہیں روک سکتا 
پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے،وزیر مملکت داخلہ کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ پہلگام پر بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر اگر بھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی تو پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی، سندھ طاس معاہدے کی معطلی مودی کی سیاست بڑھک ، عملاً بھارت پاکستان کے پانی کا ایک بوند بھی نہیں روک سکتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا موجودہ صورتحال میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پاکستانی میڈیا نے بیک فٹ پر کر دیا ہے۔ طلال چودھری کا کہنا تھا بھارت میں سوشل میڈیا پر اب فالس فلیگ آپریشن پر کڑی تنقید ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا مودی کی پوری سیاست مسلمان دشمنی اور مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ہے، مودی کے بطور وزیراعلیٰ گجرات مسلمانوں پر مظالم دنیا ابھی بھولی نہیں ہے۔ طلال چودھری کا کہنا تھا پہلگام فالس فلیگ آپریشن کرکے پاکستان کا پانی بند کرنے کا بہانہ بنایا گیا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی مودی کی سیاست بڑھک ہے،  پاکستان کا پانی روکنے کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دریا میں پانی چھوڑ دیا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا مودی کی پہلگام فالس فلیگ آپریشن جیسی وارداتوں کا مقصد اپنی سیاست کو دوام بخشنا ہے، امید ہے بھارت کسی قسم کی غلطی نہیں کریگا، ہم امن چاہتے ہیں لیکن کمزور نہیں، نا ہی ڈرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔