اسلام آباد(آئی این پی ) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شمالی علاقوں میں جزوی ابرآلود جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود اور صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔ تاہم رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش جبکہ پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی رہے گی۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی رہے گی۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، کرم اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔