سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے:محسن نقوی

پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک،حکومت نے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے ہیں،وزیرداخلہ
شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے، قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد سے گفتگو
 اسلام آباد (آئی ا ین پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالے سرمایہ کاروں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ سے غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے وفد کی تجاویز کو نوٹ کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہناتھا کہ پاکستان ہر طرح کی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنیوالے سرمایہ کاروں کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نے سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض شرپسندوں کے حملوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکمت عملی وضع کرلی ہے، ہمارا دین اسلام امن و آتشی کا درس دیتا ہے۔ سرمایہ کاروں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے، وفد نے مسائل کے حل کیلئے یقین دہانی پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔