لاہور: گلوکار اور برابری پارٹی کے چیئرمین جواد احمد کے ساتھ بجلی تنازع پر لیسکو نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی مانگ لی ہے۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جواد احمد نے بتایا کہ لیسکو نے تحریری معاہدے میں سازش کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں کلئیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر بھی خارج کر دی گئی۔جواد احمد نے کہا کہ ان کی لڑائی اداروں کے خلاف نہیں بلکہ نظام کی خامیوں کے خلاف تھی اور انہوں نے لیسکو کے اہلکاروں کو معاف کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میٹر صارف کی ملکیت ہوتا ہے اور بغیر اجازت کسی کو میٹر نہیں لینے دیا جائے گا۔
چیئرمین برابری پارٹی نے کہا کہ وہ ہمیشہ کمزور اور غریب عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ملک میں انصاف کے نظام کو بہتر دیکھنا چاہتے ہیں۔یہ واقعہ جنوری 2025 میں جوہر ٹاؤن میں پیش آیا تھا، جب جواد احمد کی اہلیہ کے بیوٹی پارلر کے بجلی میٹر میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی اور لیسکو عملہ کارروائی کے لیے پہنچا تھا، جس پر جواد احمد نے عملے کے ساتھ تلخ کلامی اور دھمکیاں دیں۔