وزیراعظم شہباز شریف جنیوا میں نواز شریف کی عیادت کے لیے پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف جنیوا میں نواز شریف کی عیادت کے لیے پہنچ گئے

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنیوا میں اپنے بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیرِ اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔

 شہباز شریف جنیوا میں امریکا کے دورے کے بعد پہنچے تھے، جہاں انہوں نے نواز شریف کی عیادت کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ملاقات کے دوران سابق وزیرِ اعظم کو امریکا کے اہم دورے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق نواز شریف گزشتہ ہفتے جنیوا کے ایک اسپتال میں دل کے علاج کے سلسلے میں زیرِ علاج تھے۔ ان کا دل کے حوالے سے پروسیجر کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور گزشتہ روز اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ اب وہ جنیوا کے ایک ہوٹل میں اپنے بیٹے حسن نواز اور ڈاکٹر عدنان کے ساتھ قیام کر رہے ہیں۔

فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہر لحاظ سے تندرست ہیں اور ان کا علاج وہی سرجن کر رہے ہیں جو کئی سالوں سے ان کا علاج کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف جنیوا سے لندن کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ چند دن قیام کریں گے۔یہ ملاقات نہ صرف بھائی کی صحت یابی کی صورتحال جاننے کے لیے تھی بلکہ خاندان کے افراد کے درمیان رابطے اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔