تمام دریائوں میں پانی کا بہائو مکمل طور پر معمول پر آ گیا، بحالی کے اقدامات جاری ہیں :ڈی جی پی ڈی ایم اے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب میں تمام دریائوں میں پانی کا بہائو مکمل طور پر معمول پر آ گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں شدید تباہی پھیلانے کے بعد دریائے راوی، ستلج اور چناب میں پانی کا بہائو بالکل معمول پر آگیاہے۔دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہائو 33 ہزار خانکی ہیڈ ورکس پر 31 ہزار قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہائو 24 ہزاراور ہیڈ تریموں کے مقام پر پانی کا بہائو 17 ہزار کیوسک رہا۔ دریائے راوی میں پھر سے وہی صورت حال پیدا ہورہی ہے جو سال کے بیشتر دنوں میں دکھائی دیتی ہے کہ راوی میں پانی کا بہائو نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے،صورت حال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات جاری ہیں ،نقصانات کا حتمی تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز کیا جاچکا ہے جس کے مکمل ہونے کے بعد بحالی پیکیج پر عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔