پہلے مرحلے میں 47 کالجز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا:محکمہ ہائر ایجوکیشن
لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ ہائر نے ایک بڑے تعلیمی اور توانائی منصوبے کے تحت صوبے کے تمام بڑے کالجز کو مرحلہ وار سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے 355 کالجز کو اڑھائی سال کے اندر اندر سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 47 کالجز کو سولر پر منتقل کیا جائے گا، دوسرے سال مزید 155 کالجز جبکہ تیسرے مرحلے میں باقی کالجز کو اس نظام سے منسلک کر دیا جائے گا۔محکمہ انرجی پنجاب اس منصوبے پر عملدرآمد کرے گا جبکہ کالجز کو بجلی کے بلوں کی مد میں ملنے والے فنڈز سولر کی تنصیب کے اخراجات کے طور پر محکمہ انرجی کو منتقل کیے جائیں گے۔ سولر پراجیکٹ کی لاگت دو سے تین سال میں پوری ہو جائے گی جس کے بعد حکومت کو سالانہ اربوں روپے کا مالی فائدہ حاصل ہوگا۔یہ منصوبہ ان گرڈ سسٹم کے تحت چلایا جائے گا۔ دن کے اوقات میں کالجز اپنی ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں گے، جبکہ اضافی بجلی نیشنل گرڈ کو فراہم کر دی جائے گی جس کے فنڈز براہِ راست حکومت پنجاب کو موصول ہوں گے۔اس حوالے سے جلد ہی محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ انرجی کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوں گے