داخلہ بند، ہیوی وہیکلز کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ شروع

لاہور (کرائم رپورٹر) سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے حکومت پنجاب نے سخت اقدامات شروع کر دیے۔ تعمیراتی میٹریل لانے والی ٹرالیوں اور ٹرکوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی ہیوی وہیکلز کا لاہور میں داخلہ بند کر دیا گیا۔محکمہ ماحولیات کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ اوورلوڈڈ ٹرالیاں، بغیر ڈھانپے ریت، بجری یا مٹی لے جانے والی گاڑیاں اب سڑکوں پر نہیں چل سکیں گی۔ای پی اے فورس نے لاہور کے داخلی راستوں پر مسلسل چیکنگ شروع کر دی ہے۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی بندش کے احکامات جاری کر دیے گئے۔ تعمیراتی مقامات اور ڈسٹ زونز میں واٹر سپرنکلنگ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ گردوغبار کو قابو میں رکھا جا سکے۔ای پی اے، واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں رات کے اوقات میں بھی پانی کا چھڑکائو کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام محکموں کو انسدادِ سموگ سرگرمیوں کی روزانہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید موثر بنانے پر زور دیا ہے۔