’تیرے نام‘ کے سیٹ پر سلمان خان کی آنکھوں کے آنسو، نغمہ نگار سمیر انجام کا انکشاف

’تیرے نام‘ کے سیٹ پر سلمان خان کی آنکھوں کے آنسو، نغمہ نگار سمیر انجام کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف نغمہ نگار سمیر انجام نے ایک پوڈکاسٹ میں ان جذباتی لمحات کا ذکر کیا ہے جب سپر اسٹار سلمان خان، اداکارہ ایشوریا رائے سے علیحدگی کے صدمے کے دن گزار رہے تھے۔

سمیر انجام کے مطابق 2003 میں فلم تیرے نام کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان اکثر گانے سنتے ہوئے رو پڑتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سلمان خان کا ذاتی دکھ ان کے کردار کو حقیقت کے قریب لے آیا تھا۔ ہر شاٹ سے پہلے وہ ہمیش ریشمیا سے مخصوص گانے سننے کی فرمائش کرتے، آنسو بہاتے اور پھر منظر ریکارڈ کرواتے۔نغمہ نگار نے کہا کہ فلم کا مشہور ٹائٹل گانا خاص طور پر سلمان خان کے لیے نہیں لکھا گیا تھا، تاہم یہ ان کی ذاتی زندگی کی کہانی کی عکاسی کرتا محسوس ہوتا تھا۔ خاص طور پر اس بول “کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی” نے سلمان خان کو شدید متاثر کیا۔

یاد رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے کا رومانوی تعلق 1999 میں فلم ہم دل دے چکے صنم کے دوران شروع ہوا اور 2002 میں اختتام پذیر ہوا۔ بعدازاں ایشوریا رائے نے 2007 میں ابھیشیک بچن سے شادی کرلی جبکہ سلمان خان نے تاحال شادی نہیں کی۔سمیر انجام کا شمار بالی ووڈ کے بڑے نغمہ نگاروں میں ہوتا ہے۔ تین دہائیوں پر محیط کیریئر میں وہ چار ہزار سے زائد گانے لکھ چکے ہیں، جن میں سے کئی آج بھی مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔