سمیع خان کا انکشاف: ڈرامہ سیٹ پر دو اداکاراؤں کے درمیان لڑائی، تھپڑ اور جوتے کا تبادلہ

سمیع خان کا انکشاف: ڈرامہ سیٹ پر دو اداکاراؤں کے درمیان لڑائی، تھپڑ اور جوتے کا تبادلہ

پاکستان شوبز کے اداکار سمیع خان نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں انکشاف کیا کہ ان کی ڈرامہ شوٹنگ کے دوران دو اداکاراؤں کے درمیان اتنا شدید لڑائی جھگڑا ہوا کہ انہوں نے ایک دوسرے پر جوتے اور تھپڑ مارے۔

یہ واقعہ سمیع خان کے مطابق ڈرامہ ’محبت کی آخری کہانی‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا جو گزشتہ سال نشر ہوا تھا۔سمیع خان نے بتایا کہ وہ سیٹ پر میک اپ روم میں موجود تھے اور فون پر بات کر رہے تھے کہ اچانک ایک گھبرائی ہوئی اداکارہ اندر آئی اور کہا، "میں نے کردیا، مجھے نہیں پتا، مجھے جو سمجھ آیا میں نے کردیا۔" اسی دوران دوسری اداکارہ بھی کمرے میں داخل ہوئیں، دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہوئی اور پھر ایک جوتا اڑتا ہوا نظر آیا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ اس وقت ایک اہم کال پر تھے، اس لیے فوراً کمرے سے باہر نکل گئے اور عملے سے اس معاملے کے بارے میں دریافت کیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ شوٹنگ کے دوران ایک اداکارہ نے دوسری کو تھپڑ مارا تھا۔ سمیع خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں یہ درست نہیں کہ کسی پر ہاتھ اٹھایا جائے، چاہے وہ مین لیڈ ہو یا سیکنڈ لیڈ۔

انہوں نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بعد میں دونوں اداکاراؤں کو گلے ملنے کا سین کرتے دیکھا، تاہم تھپڑ مارنے کا واقعہ حقیقت تھا۔ انہوں نے متاثرہ اداکارہ کی تعریف کی، جنہوں نے تمام تنازعے کے باوجود اپنے کام کو مکمل کیا اور ڈرامے کی شوٹنگ ختم ہونے تک کام جاری رکھا۔یہ واقعہ اس وقت کا ہے جب علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان تنازعہ بھی منظر عام پر آیا تھا، جس میں علیزے شاہ نے منسا ملک کو نہ صرف تھپڑ مارا بلکہ جلتا ہوا سگریٹ اور جوتا بھی پھینکا تھا۔ اس کے بعد منسا ملک نے اسلام آباد پولیس میں مقدمہ درج کروایا اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔